ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن آفس کے زیر اہتمام عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد

جمعہ 11 جولائی 2025 22:01

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن آفس کے زیر اہتمام عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں سیمینار منعقد ہوا، جس میں این جی اوز کے نمائندوں سمیت معاشرے کے مختلف نمائندہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب کا بنیادی تھیم نوجوانوں کو بااختیار بنانا تھا تاکہ وہ ایک منصفانہ اور پُر امید دنیا میں اپنی مرضی کے مطابق خاندان تشکیل دے سکیں۔

سیمینار میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر سید ذیشان عارف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد ہمارے لئے غیر معمولی مواقع اور اہم چیلنج پیش کرتی ہے،اگر ہم نئی نسل کی پرورش پر توجہ مرکوز کریں اور انہیں بااختیار بنائیں تو ہماری نوجوان آبادی جدت، پیداواری صلاحیت اور ترقی کا موجب بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

دیگر مقررین نے شرکاء کو بتایا کہ عالمی یوم آبادی منانے کا مقصد تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل سے لوگوں کو آگاہ کرنا ہے کیونکہ یہ ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے،مختلف این جی اوزفیملی پلاننگ سینٹرز کے ساتھ مل کر ضلع کے مختلف علاقوں میں خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور پاکستان میں پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔مقررین نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ضمن میں این جی اوز کے کردار کی وضاحت کی۔ سیمینار میں ڈاکٹر حفصہ رحمان نے ماں اور بچے کی صحت کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔سیمینار کے اختتام پرڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن آفس سے دبئی چوک تک آگاہی واک کی گئی۔