سیکیورٹی خدشات، شاہراہِ قراقرم پر بڑی مسافر گاڑیوں کا سفر غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا، ٹریول ایڈوائزری جاری

جمعہ 11 جولائی 2025 22:04

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)شاہراہِ قراقرم پر تمام بڑی مسافر گاڑیوں کا سفر غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا گیا ۔ پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ضلع دیامر(گلگت بلتستان)اور اپر کوہستان (خیبر پختونخوا)کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری میں مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شاہراہِ قراقرم پر سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے کے طور پر بابوسر روڈ استعمال کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔ اگرچہ خطرات کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم سیکیورٹی ادارے صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہراہِ قراقرم کے حساس مقامات پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ مسافروں، ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل راستوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں . وزیر اعلی گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ شاہراہ سیکورٹی خدشات باعث بند کر دی گئی ہے اس لئے تمام ٹرانسورٹ شاہراہ بابوسر سے چلے گی ،آزاد زرائع شاہراہ قراقرم کی بندش کو آٹھ محرم کو ہونے والے چھموگڑھ کے ناخوشگوار واقعے کی وجہ قرار دے رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :