کوہاٹ،انڈس ہائی وے پر مرغیوں سے بھری پک اپ حادثے کاشکار ، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

جمعہ 11 جولائی 2025 22:32

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کی حدود میںانڈس ہائی وے پر مرغیوں سے بھری پک اپ حادثہ کاشکار ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص زندگی سے ہاتھ دھوبیٹھا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی کے مطابق یہ حادثہ درہ آدم خیل کی حدودمیں انڈس ہائی وے پر عباس چیک پوسٹ قاسم خیل کے قریب پیش آیا جہاں مرغیوں سے بھری پک اپ مبینہ طورپر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر اٴْلٹ گئی جس کے نتیجے میں پک اپ میں سوار ایک شخص گر کرگاڑی کے نیچے آکر پھنس گیا۔

ریسکیو 1122 ٹیم نے اطلاع ملنے پرجائے حادثہ پہنچ گئی اورڈیزاسٹر ٹیم نے پھنسے شخص کو پیشہ ورانہ طریقے سے نکال کر درہ آدم خیل ویلفیئر ہسپتال منتقل کر دیاجہاں ڈاکٹر نے اس کی جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔جاں بحق شخص کی شناخت نوید سکنہ سربند پشاور کے نام سے ہوئی۔حادثہ میں ایک شخص زخمی بھی ہواتھا جسے مقامی لوگوں نے ہسپتال منتقل کر دیا تھا جبکہ حادثہ کے باعث متعدد مرغیاں بھی ہلاک ہوگئیں۔واضح رہے کہ مرغیاں لے جانے والی گاڑیاں بہت تیزرفتاری سے سڑکوں پر رواں دواں رہتی ہیں اور اکثر حادثات کا شکار ہوتی ہیں ۔