ساہیوال ، محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی جانب سے موٹر سائیکلیں اور جدید الٹراساونڈ مشینیں فراہم

جمعہ 11 جولائی 2025 22:32

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ساہیوال میں محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی جانب سے فیلڈ سٹاف کو موٹر سائیکلیں اور جدید الٹراساونڈ مشینیں فراہم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس اقدام کا مقصد فیلڈ میں خدمات سرانجام دینے والے عملے کی استعدادِ کار میں اضافہ اور دیہی علاقوں تک فوری اور موثر سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے لائیو اسٹاک سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ عوامی خدمت کے تمام محکموں کو جدید ٹیکنالوجی اور سفری سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔ محکمہ لائیو سٹاک میں فیلڈ سٹاف کو موٹر سائیکلوں اور الٹراساونڈ مشینوں کی فراہمی ایک تاریخی قدم ہے، جو دیہی معیشت میں بہتری اور کسانوں کی فلاح و بہبود کا ضامن بنے گا۔

(جاری ہے)

رکن پنجاب اسمبلی بیرسٹر تیمور علی خان نے کہا کہ مویشی پال کسانوں کو فوری اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے فیلڈ سٹاف کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں محکمہ لائیو سٹاک کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ یہ شعبہ صوبے کی معیشت میں فعال کردار ادا کر سکے۔ تقریب میں ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر عارف سلطان، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر تنویر اشرف کلیار، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ساہیوال ڈاکٹر رائے خداداد اور راشدہ پروین سمیت علاقہ معززین نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر منتخب فیلڈ سٹاف کو موٹر سائیکلیں اور جدید الٹراساونڈ مشینیں فراہم کی گئیں۔ شرکاءنے اس اقدام کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق قرار دیتے ہوئے اسے ایک انقلابی پیش رفت کہا جس سے کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔