9 مئی جلائوگھیرائو کیس: شاہ محمود، عمر چیمہ اور محمود الرشید کی ضمانت مسترد

جمعہ 11 جولائی 2025 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء)انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی ہیں۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔

(جاری ہے)

مذکورہ کیس تھانہ سرور روڈ میں درج کیا گیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 9 مئی کو پارٹی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد ان رہنماؤں نے مبینہ طور پر کارکنوں کو اشتعال دلایا، قیادت فراہم کی اور جلاؤ گھیراؤ کی کارروائیوں میں شامل رہے۔

پولیس کے مطابق مظاہروں کے دوران جناح ہاؤس اور راحت بیکری کے باہر شدید نقصان پہنچایا گیا، جہاں سرکاری و نجی املاک کو نذر آتش کیا گیا۔عدالت نے ریکارڈ اور دلائل کی روشنی میں تینوں رہنماؤں کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ہے۔