ڈائریکٹوریٹ آف ملیریا کنٹرول پاکستان نےپہلےگلوکوز-6-فاسفیٹ ڈی ہائیڈروجنیزپائلٹ منصوبے کے نتائج جاری کر دیئے

ہفتہ 12 جولائی 2025 12:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) ڈائریکٹوریٹ آف ملیریا کنٹرول پاکستان نے ملک کے پہلےگلوکوز-6-فاسفیٹ ڈی ہائیڈروجنیز(جی 6پی ڈی ) پائلٹ منصوبے کے نتائج جاری کر دیئے ہیں۔سروے ڈائریکٹوریٹ ملیریا اور عالمی ادار ہ ترقی برائے ادویات کے تعاون سے پاکستان کے 9 متاثرہ اضلاع میں کامیابی سے مکمل کیا گیا جس میں ڈبلیو ایچ او ،یونیسیف، گلوبل فنڈ، میڈیسنز فار ملیریا وینچر سمیت قومی و بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک تھے۔

ترجمان قومی وزارت صحت نے کہا کہ قومی ادارہ تدارک برائے ملیریا کے ڈائریکٹر کی جانب سے وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ کو منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ جی 6پی ڈی ٹیسٹنگ کے عملی نفاذ پر مرکوز تھا ،نتائج نے واضح کیا کہ بنیادی صحت کے نظام میںجی 6پی ڈی ٹیسٹنگ کو موثر طریقے سے ضم کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب میں 28 لاکھ سے زائد ملیریا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اس ایجنڈے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ اس پائلٹ منصوبے کے نتائج کو اپنی قومی حکمت عملی سے ہم آہنگ کر رہے ہیں ،منصوبے کا مقصد پاکستان میں ملیریا کےخلاف استعمال ہونے والی نئی دوا ٹیفنو کوئن کا استعمال تھا ،نئی دوا ٹیفنو کوئن پرانی 14 روزہ دوا پریما کوئن کے مقابلے میں مریضوں کے علاج کو زیادہ موثر بناتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ستمبر میں ڈبلیو ایچ او کی منظوری کے بعد ڈریپ نے ٹیفنو کوئن کی رجسٹریشن کر دی ۔قبل ازیں پاکستان میں پریما کوئن کے 14 دن استعمال سے ملیریا کا مریض مکمل صحت یاب ہوتا ہے لیکن ملیریا کے مریض دو تین دن کے بعد یہ دوا چھوڑ دیتا تھا جس سے مریض صحت یاب نہیں ہوتا تھا ۔مریضوں کی دوائی کا مکمل کورس نہ لینے کا یہ رویہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں چیلنج بناہوا تھا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ٹیفنو کوئن کے استعمال کے بعد ملیریا کے خاتمے کی کوششوں میں بڑی پیش رفت ہو گی ۔مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ پاکستان جلد ان ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا جو اس دوا کی مکمل تحقیق کے بعد اس کا استعمال شروع کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا جو جلد ملیریا کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیں گے ، منصوبے کو قومی اور بین الاقوامی اداروں نے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پاکستان 2026 میں انٹر نیشنل کانفرنس برائے خاتمہ ملیریا کرا رہا ہے۔ کانفرنس میں دنیا بھر کے سائنسدانوں ، ماہرین اور مندوبین کو مدعو کیا جائے گا، کانفرنس میں پاکستان ملیریا کے تدارک کے لئے تمام عالمی معیار کی کوششوں کا حصہ بننے جارہا ہے۔