آن لائن کمائی کے چکر میں 1 لاکھ کا دھوکہ، خاتون نے خودکشی کرلی

بھارتی پولیس نے معاملے کا مقدمہ درج کر کے سائبر فراڈ کی تحقیقات شروع کر دیں

ہفتہ 12 جولائی 2025 15:34

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)بھارت میں ایک خاتون نے آن لائن کمائی کے چکر میں 1 لاکھ روپے کا نقصان ہونے پر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی گنگا انوشہ نامی خاتون کو آن لائن کمانے کے چکر میں فراڈ کا سامنا کرنا پڑگیا۔خاتون کو سوشل میڈیا پر گھر بیٹھے کام کیلیے ایک اشتہار نظر آیا تھا، جس میں آسان آمدنی کا وعدہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

فراڈ کرنے والوں نے ان سے پہلے ایک ہزار روپے کی رقم منگوا کر انوشہ کو ایک جعلی "منافع" کی رقم 7 ہزار روپے دکھائی، جو حقیقت میں کبھی اس کے بینک اکانٹ میں نہیں پہنچی۔جب انوشہ نے اپنی کمائی نکالنے کی کوشش کی تو فراڈ کرنے والوں نے مزید سرمایہ کاری کا مطالبہ کیا۔ اپنی ابتدائی رقم واپس پانے کی امید میں، انہوں نے اپنا سونا بیچ کر مزید رقم فراہم کی لیکن وہ اس جال میں پھنستی گئی اور تقریبا 1 لاکھ روپے کا نقصان اٹھا لیا۔خاتون کی بار بار کوششوں کے باوجود اس کا فراڈ کرنے والوں سے رابطہ نہیں ہو سکا اور اس مالی نقصان کے باعث وہ شدید ذہنی دبا کا شکار ہو گئی، جو افسوسناک طور پر ان کی خودکشی کا سبب بنا۔پولیس نے معاملے کا مقدمہ درج کر کے سائبر فراڈ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔