کراچی کے گھر سے ملنے والی لاش تحقیقات میں ڈکیت کی نکلی

شبہ ہے کہ حمزہ کو گولی کسی اور مقام پر لگی اور دوست نے گھر میں لاکر لاش چھپائی

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)نارتھ کراچی میں گھر سے ایک شخص کی گولی لگی لاش ملی لیکن جب پولیس نے تحقیقات کی تو مقتول کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا ۔پولیس حکام کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر فائیو ای میں گھر سے 35 برس کے حمزہ کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔حمزہ کی لاش جس گھر سے ملی وہ اس کے دوست فیروز کا گھر ہے شبہ ہے کہ حمزہ کو گولی کسی اور مقام پر لگی اور دوست نے گھر میں لاکر لاش چھپائی ۔

(جاری ہے)

مقتول نوجوان کا دوست اور اہلخانہ فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس نے تحقیقات کی تو مقتول حمزہ کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا ۔ حکام کے مطابق حمزہ ماضی میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث رہا ہے جبکہ اس کا بھائی بھی ڈکیتی کے کیس میں گرفتار ہے ۔پولیس حکام کے مطابق فیروز نے حمزہ کے بھائی عمر کو فون کرکے حمزہ کی طبیعت خراب ہونے کا بتایا جب عمر وہاں پہنچا تو لاش پڑی تھی۔ڈکیت فیروز اور اس کے اہلخانہ گھر سے فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے، حمزہ واردات کے دوران زخمی ہوا یا قتل کیا گیا تحقیقات جاری ہیں۔