پاکستان کی گلوبل سیولائزیشن کانفرنس میں شاندار شرکت، چین کو پاک چائنہ ثقافتی راہداری شروع کرنے کی دعوت دے دی

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:37

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) وزیر مملکت برائے ثقافت و قومی ورثہ حذیفہ رحمان نے گلوبل سیولائزیشن کانفرنس میں شرکت کی اور دنیا کے 140 ممالک کے مندوبین، سربراہانِ مملکت و وزرائے ثقافت کی موجودگی میں پاکستان کا موقف بھر پور انداز میں پیش کیا،اس موقعے پر انہوں نے چین کو پاک چائنہ ثقافتی کوریڈور شروع کرنے کی دعوت دے دی۔

ہفتے کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ مملکت برائے ثقافت و قومی ورثہ حُذیفہ رحمان نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی اور پہلی بین الاقوامی گلوبل سیولائزیشن کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس تاریخی اجلاس میں دنیا بھر سے 140 ممالک و خطوں کے 600 سے زائد مندوبین نے شرکت کی جن میں روس، انڈونیشیا، ملائشیا، بنگلہ دیش، جاپان، فرانس، سری لنکا، بلغاریہ اور دیگر اہم ممالک کے وزرائے ثقافت و سیاحت شامل تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ ترین رہنماؤں، سابق صدور، وزرائے اعظم اور عالمی تھنک ٹینکس کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی جس سے اس کی بین الاقوامی اہمیت اور اثر پذیری واضح ہوتی ہے۔حُذیفہ رحمان نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بھرپور انداز میں پاکستان کا مقدمہ پیش کیا اور بتایا کہ پاکستان تہذیبوں کی سرزمین ہے،وادیٔ سندھ، گندھارا آرٹ، بدھ مت کے آثار اور صوفی روایات کا گہوارہ ہے ۔

اُنہوں نے عالمی برادری بالخصوص چین کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سیاحت، تہذیبی تحقیق اور قومی ورثے کی بحالی میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کرے،یہاں تہذیب، ثقافت اور قومی ورثے کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم دنیا کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ شراکت کرے اور پاکستان کی تہذیبی روشنی کو دنیا بھر میں پھیلائے۔حُذیفہ رحمان کی تقریر کو شرکا کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔

چینی قیادت نے کھڑے ہو کر داد دی اور کئی چینی صحافیوں اور مبصرین نے انہیں “ ینگ اینڈ ہینڈ سم سٹیٹ منسٹر” کے لقب سے یاد کیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی ثقافت، سیاحت اور قومی ورثے کو اتنے فعال انداز میں پیش کیا، یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ بھارت کی طرف سے کوئی سینئر وزیر یا نمائندہ موجود نہیں تھا جو پاکستان کی سفارتی و ثقافتی پوزیشن کی کامیابی کو مزید نمایاں کرتا ہے۔\932