بلوچستان دہشتگرد حملہ، فیصل آباد کے مقامی تاجر شیخ ماجد کی نمازِ جنازہ جامعہ سلفیہ میں اداکر دی گئی

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) بلوچستان میں دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے فیصل آباد کے مقامی تاجر شیخ محمد ماجد کی نمازِ جنازہ جامعہ سلفیہ، موضع رحمت آباد میں ادا کر دی گئی ہے ۔نماز جنازہ کی امامت معروف عالم دین حافظ مسعود عالم نے کروائی، جس میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، تاجر رہنما، شہری معززین، عزیز و اقارب اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شیخ ماجد، فیصل آباد کے معروف اور خوش اخلاق تاجر تھے، جو نہ صرف اپنے کاروباری حلقوں میں مقبول تھے بلکہ عوامی خدمت اور ملکی معاملات سے بھی گہری وابستگی رکھتے تھے۔ وہ حالیہ دنوں میں ایک تجارتی دورے کے سلسلے میں بلوچستان میں موجود تھے، جہاں دشمن کے بزدلانہ حملے میں شہید ہو گئے۔

(جاری ہے)

ان کی المناک شہادت پر فیصل آباد کی فضا سوگوار ہو گئی۔ تاجر برادری اور شہریوں نے ان کی جرات، ایمانداری اور انسان دوستی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید ماجد جیسے باہمت افراد معاشرے کا سرمایہ ہوتے ہیں، جن کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں۔بعد ازاں، شہید ماجد کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پرضلعی افسران نے کہا کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے سپوت ہمیشہ قوم کے ہیرو رہیں گے، اور ان کی قربانی کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :