سٹی ریلوے کالونی میں ایم یو سی ٹی فنڈسے ترقیاتی کام کرانے کا مطالبہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 17:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)چیئرمین یونین کمیٹی نمبر 8صدر ٹاؤن محمد سلمان خان نے میئر کراچی سے میونسپل یوٹیلٹی چارجز ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی رقم سے سٹی ریلوے کالونی میں میونسپل سروسز اور ترقیاتی کام کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔میئر کراچی کو لکھے گئے مراسلہ میں محمد سلمان خان نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے میونسپل یوٹیلٹی چارجز ٹیکس کی مد میں رقم وصول کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

سٹی ریلوے کالونی کم ترقی یافتہ علاقہ ہے ۔علاقے میں پانی و سیوریج ،اسٹریٹ لائٹس ،روڈ کارپیٹنگ ،نالوں کی صفائی سمیت دیگر اہم مسائل ہیں ۔میونسپل یوٹیلی چارجز ٹیکس کی مد میں وصول ہونے والی رقم سے مذکورہ علاقے میں کوئی ترقیاتی کام شروع نہیں ہوا ہے جس پر یہاں کے رہائشیوں کو شدید تشویش ہے ۔انہوں نے میئرکراچی سے اپیل کی سٹی ریلوے کالونی کے رہائشیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے میونسپل یوٹیلٹی چارجز ٹیکس کی مد میں ملنے والی رقم کا استعمال کیا جائے تاکہ یہاں کے رہائشیوں کو ریلیف مل سکے ۔