پنجاب حکومت کا لیڈی ولنگڈن ہسپتال خالی کرا کے نئی عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء) پنجاب حکومت نے لاہور کے تاریخی لیڈی ولنگڈن ہسپتال کو خالی کرانے اور نئی عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی موجودہ عمارت انتہائی مخدوش حالت میں ہے، جس کے باعث اسے گرا کر 7 ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید ہسپتال کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے ایک یونٹ کو شاہدرہ ہسپتال منتقل کیا جائے گا جبکہ باقی دو یونٹس کو وقتی طور پر دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ نئی عمارت میں 235 بستروں پر مشتمل جدید کمپلیکس بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

کینسر اسپتال کا منصوبہ بھی مکمل ہونے کے قریب ہے، جو آئندہ ڈیڑھ سال میں فعال ہو جائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے صحت کارڈ سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صحت کارڈ بند نہیں کیا گیا، بلکہ اب بھی لاکھوں لوگ اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فلیگ شپ منصوبہ ہیں اور ان کے ذریعے ایک کروڑ سے زائد افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ لوگوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر مفت ادویات دی جا رہی ہیں، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں تمام ٹیسٹ اور ادویات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ سے امیر طبقہ ناجائز فائدہ اٹھا رہا تھا، جس پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔