پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر و جلائو گھیرائو سمیت چھ مقدمات کی سماعت ، پانچ گواہوں پر جرح مکمل

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کے خلاف شیرپائو پل پر اشتعال انگیز تقاریر، جلائو گھیرا ئواور دیگر الزامات سے متعلق چھ مقدمات کی جیل سماعت میں پانچ گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کر لی۔

عدالت نے مزید سماعت منگل تک ملتوی کردی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمات کی سماعت کی۔ زیر سماعت مقدمات میں شیرپائو پل پر اشتعال انگیز تقاریر، نیشنل پارک گلبرگ میں کنٹینر جلانے، کلمہ چوک پر کنٹینر نذر آتش کرنے، گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے اور مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو آگ لگانے کے مقدمات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت میں پیشی کے دوران زیر حراست پی ٹی آئی رہنمائوں میں ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں، جن کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی جبکہ عالیہ حمزہ سمیت دیگر ضمانت پر موجود ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی۔ ملزمان کے وکلاء نے عدالت میں پیش ہو کر پانچ سرکاری گواہوں کے بیانات پر تفصیلی جرح مکمل کی۔ آئندہ سماعت پر باقی گواہان کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کرتے ہوئے مقدمات کی کارروائی 15 جولائی تک ملتوی کر دی۔