ْوزیر موسمیاتی تبدیلی کی گلگت بلتستان میں کالے ریچھ کے قتل کی مذمت، فوری کارروائی کا حکم

جنگلی حیات ہماری شناخت کا حصہ ،تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر مصدق ملک

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک نے گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقے تانگیر میں کالے ریچھ کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "ناقابلِ قبول" قرار دیا ہے۔ اس واقعہ نے ملک بھر میں غم و غصے کو جنم دیا ہے اور جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے مطالبات کو دوبارہ اجاگر کیا ہے۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر مصدق ملک نے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔ ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے۔وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلی سے براہِ راست رابطہ کر کے اس کیس کی نگرانی اور جلد قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ تنہا نہیں ہے بلکہ جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین پر عملدرآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے جنہیں اب بند کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈز کو فوری اور مثر اقدامات کی ہدایت کی ہے تاکہ واقعہ کی مکمل تحقیقات اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔کالا ریچھ جو پہلے ہی غیر قانونی شکار اور مسکن کی تباہی جیسے خطرات سے دوچار ہے اس کے قتل پر ماحولیاتی تنظیموں اور ماہرین نے سخت ردعمل دیا ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے خطرے سے دوچار انواع کے تحفظ کے عزم کو دہراتے ہوئے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات ہماری شناخت کا حصہ ہے، ان کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :