وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن،حکومت کی اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے،اختیار ولی خان

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اور خیبرپختونخوا اموراختیار ولی خان نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، اقتصادی اورسفارتی محاذوں پر نمایاں کامیابی کے ساتھ ساتھ گورننس میں بھی بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دھڑے بندی اور تضادات میں گھری ہوئی ہے، پی ٹی آئی میں تقسیم نظر آرہی ہے جس میں متعدد گروپ ذاتی مفادات کے حصول میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہے،اسے صوبے اور یہاں کے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال خطرناک حد تک بگڑ چکی ہے۔