سانگلہ ہل، انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سرکاری جگہوں کو قبضہ مافیا سے واگزار نہ کروایا جاسکا

مقامی اور ضلعی انتظامیہ فرضی کاروائیوں میں مصروف،تگڑے با اثر قبضہ مافیا کے آگے ضلعی انتظامیہ بھی بے بس نظر آنے لگی

اتوار 13 جولائی 2025 12:45

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)سانگلہ ہل سرکاری جگہوں کو قبضہ مافیا سے واگزار نہ کروایا جاسکا،مقامی اور ضلعی انتظامیہ فرضی کاروائیوں میں مصروف،تگڑے با اثر قبضہ مافیا کے آگے ضلعی انتظامیہ بھی بے بس نظر آنے لگی،فیصل آباد روڈ پر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کی14کینال14مرلے اراضی پر عرصہ دراز سے مافیا کا قبضہ برقرار،مافیا نے قبضہ کر کے گھر اور پختہ دوکانیں تعمیر کر لیں،گھوڑا چوک کے قریب لاوارث قبرستان پر بھی بااثر مافیا نے قبریں مسمار کر کے کوٹھیاں تعمیر کرلیں،جبکہ مرکزی عیدگاہ کے قبرستان کی اراضی پر بھی عرصہ دراز سے قبضہ برقرار،بااثر افراد نے گھر اور ہسپتال قائم کر لیے،جو پنجاب حکومت کیلئے واگزار کروانا ایک چیلنج بن گیا۔

رپورٹ کے مطابق ننکانہ صاحب کی تحصیل سانگلہ ہل میں سرکاری جگہوں پر بااثر تگڑے مافیا کا عرصہ دراز سے قبضہ برقرار ہے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد روڈ پر واقع گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نزد گندا نالہ کی 21کینال16مرلے اراضی میں سے 14کینال14مرلے جگہ پر شہر کے بااثر تگڑے مافیا نے قبضہ کر کے اپنا گھر اور دوکانیں تعمیر کر لیں ہیں اور دوکانوں کو کرائے پر دے کر ماہانہ لاکھوں روپیہ اکٹھا کررہے ہیں جبکہ سکول کی اراضی 21کینال16مرلے کی بجائی7کینال2مرلے پر سکڑ کر رہ گیا ہے۔

دوسری طرف مافیا نے قبرستانوں کو بھی معاف نہ کیا پرانی کچہری کے قریب لاوارث قبرستان اور مرکزی عید گاہ کے قبرستان پر بھی عرصہ دراز سے بااثر افراد نے قبضہ کر کے اپنے گھر اور ہسپتال تعمیر کر لیے ہیں،مافیا کوسرکاری افسران اور مقامی سیاستدانوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔بااثر مافیا ہر آنے والے مقامی اور ضلعی آفیسر کی اچھی خاصی خاطر تواضع کر کے انہیں اپنی مٹھی میں کر لیا جاتا ہے جس کے باعث ان جگہوں کو مافیا سے واگزار کرواناپنجاب حکومت کیلئے ایک چیلنج نظر آرہا ہے۔

شہر کے سماجی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ان سرکاری جگہوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کروایا جائے تاکہ پنجاب حکومت کا خواب صاف ستھرا پنجاب کے نعرے کو عملی جامہ پہنایا جاسکے۔