ملک بھر سے باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشنز،فائونڈیشنزاور فیڈریشنز سمیت 17 دھڑوں کا پی بی بی ایف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار، پی بی بی ایف نے الحاق سرٹیفکیٹس جاری کردئیے

اتوار 13 جولائی 2025 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن (پی بی بی ایف) کےحالیہ انتخابات اور 20 دنوں کی قلیل مدت میں ’’نیشنل پی ایس بی باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ 2025‘‘ کے کامیاب انعقاد کے بعدملک بھر سے باڈی بلڈنگ کی سرگرم تنظیموں، ایسوسی ایشنز اور فاؤنڈیشنز کی جانب سے پی بی بی ایف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے نو منتخب سیکرٹری جنرل سہیل انور نے عہدہ سنبھالتے ہی اپنی ماضی کی کارکردگی کو دہراتے ہوئے صرف 20 دنوں کے اندر پی ایس بی کے تعاون سے ایک شاندار اور منظم قومی چیمپئن شپ منعقد کی جس کے ساتھ ساتھ اینٹی ڈوپنگ سیمینار اور سرٹیفکیشن سیشن بھی شامل تھے۔ اس موقع پر اگست 2025 میں تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان مثبت اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی باڈی بلڈنگ اور فٹنس کمیونٹی کی 17 نمایاں قومی و بین الاقوامی تنظیموں نے پی بی بی ایف کے ساتھ الحاق کے لیے باضابطہ طور پر تحریری درخواستیں جمع کروائیں ۔ یہ الحاقی عمل "نیشنل چیمپئن شپ" کے فوراً بعد پی ایس بی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں مکمل ہوا، جہاں ان تمام تنظیموں کو پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کی جانب سے ایفیلییشن سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے گئے۔

یہ پیشرفت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ باڈی بلڈنگ اور فٹنس کمیونٹی، سہیل انور اور صدر طارق حسن کی قیادت پر بھرپور اعتماد رکھتی ہے اور پاکستان میں اس شعبے کی بہتری کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔الحاق حاصل کرنے والی نمایاں تنظیموں میں پاک چیمپئن فٹنس فیڈریش، عباس کلاسک، فضل کلاسک،پاکستان گلوبل پاور لفٹنگ اینڈ باڈی بلڈنگ فیڈریشن،رمیض خان پرو،این بی بی یو پاکستان ،یحیی کلاسک،جمز ایسوسی ایشن پاکستان شامل ہے۔

ان تنظیموں میں حسن دادا باڈی بلڈنگ اینڈ ہیلتھ آرگنائزیشن،پاکستان،قائداعظم محمد علی جناح باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس آرگنائزیشن پاکستان،پاکستان ایمچیور باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن،یونس چوہدری ہیلتھ اینڈ فٹنس فائونڈیشن،اعجاز ہیلتھ اینڈ فٹنس فائونڈیشن،پی بی بی ایم ایف پاک لائنز،ججز آیند ٹیکنیکل ایسوسی آف پاکستان، گیٹ سمارٹ فٹنس آرگنائزیشن اور ورلڈ باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک فیڈریشنن پاکستان بھی شامل ہے۔

سیکرٹری جنرل پی بی بی ایف سہیل انور کا کہنا ہے کہ، "یہ اعتماد ہمارے لیے اعزاز بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ ہم پاکستان میں باڈی بلڈنگ کو ایک منظم، شفاف اور بین الاقوامی معیار کے مطابق شعبہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مزید کئی تنظیمیں بھی الحاق کے لیے رابطے میں ہیں، جو مستقبل قریب میں باقاعدہ طور پر پی بی بی ایف کا حصہ بننے کی خواہاں ہیں۔