اندھیر نگری چوپٹ راج، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر نارتھ ناظم آباد نے سیکریٹری تعلیم کے اختیارات استعمال کرنا شروع کردئیے

خرم لاکھو نے پرائمری اسکول ٹیچر گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول بلاک ایم نارتھ ناظم آباد ٹائون کو غیر ملکی سفر پر جانے کے لیے 23دن کی چھٹیاں جاری کردیں

اتوار 13 جولائی 2025 16:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)اندھیر نگری چوپٹ راج، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر نارتھ ناظم آباد نے سیکریٹری تعلیم کے اختیارات استعمال کرنا شروع کردئیے۔ غیر ملکی سفر اور خلاف ضابطہ چھٹیوں کی اجازت دینا شروع کردیں۔ میسر دستاویزات کے مطابق تعلقہ ایجوکیشن آفیسر نارتھ ناظم آباد ٹائون میل خرم لاکھو نے پرائمری اسکول ٹیچر حیدر بخت شہباز گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول بلاک ایم نارتھ ناظم آباد ٹان کو غیر ملکی سفر پر جانے کے لیے 23دن کی چھٹیاں دیں جبکہ تعلقہ ایجوکیشن آفیسر نے ان چھٹیوں کا اندراج نہ ہی سروس بک میں کیا اور نہ ہی بینک چالان جمع کروایا۔

واضح رہے کہ پاکستان سے باہر جانے کی چھٹی صرف اور صرف سیکریٹری تعلیم ہی دے سکتا ہے۔ اسی طرح گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کی خاتون استاد عنبر مفتی کو 11یوم کی چھٹیاں دی گئیں نہ ہی اس کا سروس بک میں اندراج ہے اور نہ ہی چالان جمع کروایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کے پرائمری اسکول ٹیچر محمد عاصم کو بھی بغیر سروس بک اندراج اور بینک چالان کے 8دن کی چھٹیوں کی منظوری دی گئی۔

دیگر یہ کہ گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول بلاک Mنارتھ ناظم آباد کی خاتون ٹیچر سارہ نعیم کو بھی 6دن کی چھٹی سے نواز ا گیا جو کہ نہ سروس بک میں اندراج ہے اور نہ ہی بینک چالان جمع کروایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اساتذہ کی چھٹیوں کا سلسلہ پورا سال جاری رہتا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ یہ تمام چھٹیاں نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کو دی گئی ہیں۔ یہ بھی واضح رہے کہ سندھ ایجوکیشن لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے آرڈر نمبر NO.SO(P-1)Circular 2022مورخہ 25نومبر 2022کے تحت نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کو صرف تین صورتوں میں چھٹیاں دیجاسکتی ہیں۔

ان میں ایک میٹرنیٹی لیو، دوسری صورت عدت لیو اور تیسری صورت C/Lشامل ہے۔ مذکورہ ناجائز اختیارات کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ، سیکریٹری تعلیم اور صوبائی محتسب میں درخواست جمع بھی کروائی گئی ہے۔