Live Updates

عوامی بیداری اور اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، شکیل قاسمی

اگر عوام اپنے حقوق کے لیے متحد نہ ہوئے تو قانون صرف کمزوروں پر لاگو ہوتا رہے گا، شہری حقوق کمیٹی

اتوار 13 جولائی 2025 17:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)شہری حقوق کمیٹی کے صدر محمد شکیل قاسمی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عوامی بیداری اور اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اگر عوام اپنے حقوق کے لیے متحد نہ ہوئے تو قانون صرف کمزوروں پر لاگو ہوتا رہے گا، جب کہ طاقتور عناصر ہمیشہ کی طرح قانون سے بالاتر رہیں گے۔انہوں نے کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے عام شہریوں پر بلاجواز بھاری جرمانوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی چھوٹی باتوں، جیسے موٹر سائیکل پر میٹر نہ ہونے پر شہریوں کو 2000 روپے تک کا چالان تھما دیا جاتا ہے، حالانکہ ہیلمٹ اور دستاویزات مکمل ہوتے ہیں۔

شہری اگر سوال کرے تو نہ صرف اس کی بات سنے بغیر شناختی کارڈ ضبط کر لیا جاتا ہے، بلکہ گاڑی بند کرنے کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

شکیل قاسمی نے سوال اٹھایا کہ حکومت صرف عوام پر چالان، ٹیکس اور جرمانے لگانے میں مصروف ہے، لیکن اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔ انہوں نے کراچی میں درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ موبائل اسنیچنگ اور ڈکیتیاں روز کا معمول بن چکی ہیں، سڑکیں گڑھوں سے بھری ہوئی ہیں، سیوریج اور بارش کا پانی گلیوں میں جمع ہے، مین ہولز کھلے ہیں، اسٹریٹ لائٹس بند ہیں، سگنل ناکارہ ہو چکے ہیں، فٹ پاتھوں پر تجاوزات اور سیاسی بینرز لگے ہیں، اور کچرے کے ڈھیر روز کا منظر بن چکے ہیں، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں دوائیوں کی قلت برقرار ہے۔

ان سب مسائل کا کوئی ذمہ دار نظر نہیں آتا، لیکن عوام پر چھوٹے سے چھوٹے جرم پر بھاری جرمانے فوری لاگو کر دیے جاتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹریفک قوانین میں شفافیت لائی جائے، ٹریفک اہلکاروں کی جواب دہی یقینی بنائی جائے، جرمانوں کی آمدنی کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جائیں، بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اداروں کی کارکردگی پر باقاعدہ نگرانی کی جائے۔

شکیل قاسمی نے کہا کہ ہماری خاموشی ہی حکومتی نااہلی کو طاقت دیتی ہے۔ اب وقت ہے کہ شہری اپنے آئینی و انسانی حقوق کے لیے متحد ہوں، بیدار ہوں اور ان ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔ جب تک عوام سوال نہیں کریں گے، حکومت جواب نہیں دے گی۔شہری حقوق کمیٹی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، مگر ساتھ ہی حکومت اور اداروں سے جواب دہی کا بھی مطالبہ کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات