طلبا ءلگن اور اعتماد کے ساتھ تعلیم حاصل کریں، سعید اجمل

اتوار 13 جولائی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے گولڑہ میں قائم نجی سکول میں تقریب ِتقسیم انعامات منعقد ہوئی، جس میں نامور کرکٹر سعید اجمل مہمانِ خصوصی تھے۔ اس تقریب کا مقصد نوجوان طلباء میں سخاوت کے جذبے اور معاشرتی سرگرمیوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا تھا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی سعید اجمل نے مزمل عمر شہید اسکول کے طلباء پر زور دیا کہ وہ لگن اور اعتماد کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔

انہوں نے طلباء سے بات چیت بھی کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فجر رابعہ نے طلباء سے محنت کرنے کی اپیل کی اور انہیں یقین دلایا کہ وہ سول سوسائٹی سے رابطے کے لیے ان کی مکمل حمایت کریں گی۔

(جاری ہے)

اسکول کی نمائندہ اقراء نے اس اقدام کے انعقاد کے لیے غیر سرکاری تنظیم "اسکیل" کی کوششوں کو سراہا۔ "اسکیل" کے نمائندے عامر نے پاکستان بھر کے طلباء کی مدد کرنے اور ان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب طنز و مزاح کی نشست کے ساتھ اختتام کو پہنچی جبکہ طلباء نے سعید اجمل کے ساتھ ملاقات کے یادگار لمحات کو کیمرے سے محفوظ کر لیا۔ یہ تقریب "اسکیل" اور راوئیل کمیونی کیشنز کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔