چیئرمین گوادر پورٹ سے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات

اتوار 13 جولائی 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے اتوار کو گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی جس میں گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومتی مراعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیرمین نے گوادر کے سرمایہ کاروں کو گوادر فری زون میں صنعتی یونٹس قائم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر پلاٹس فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کی معیشت میں سرمایہ کاروں کا کردار کلیدی ہے اور اسی لیے انہیں رعایتی قیمتوں پر زمینوں کی الاٹمنٹ سمیت دیگر سہولیات دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گوادر میں سرمایہ کاروں کو 23 سالہ ٹیکس ہالیڈے، کسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ، جدید انفراسٹرکچر اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ فری زون میں صنعتوں کے قیام سے نہ صرف گوادر میں روزگار میں اضافہ ہوگا بلکہ گوادر ایک فعال تجارتی مرکز میں بھی تبدیل ہوگا۔

نورالحق بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر بندرگاہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کا ایک مرکزی نکتہ ہے اور گوادر کے سرمایہ کار اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی سرمایہ کاری کے ہر مرحلے پر مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کرے گی۔ملاقات میں گوادر پورٹ کی ترقی، گہرے پانی کی بندرگاہ کی توسیع، کارگو ہینڈلنگ میں بہتری اور آئندہ کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

گوادر چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے چیئرمین کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرمایہ کاری کا عمل مزید آسان بنایا جائے اور مراعاتی پیکج میں توسیع کی جائے۔ملاقات میں چیئرمین نے یقین دہانی کرائی کہ گوادر پورٹ اتھارٹی گوادر کی کاروباری برادری کے ساتھ مل کر گوادر کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔