ا*صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی دعائیہ تقریب میں شرکت

sآ ئین پاکستان میں تمام شہریوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں

اتوار 13 جولائی 2025 22:15

M لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ڈسکہ روڈ، سمبڑیال (ضلع سیالکوٹ) میں منعقدہ ایک روزہ دعائیہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دعائیہ اجتماع میں ممبر ایڈوائزری کونسل پنجاب سردار جسکرن سنگھ اور ڈاکٹر شاہد پرویز نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری، ملکی سلامتی اور اقلیتی برادری کے اتحاد کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان کی دھرتی سب کی سانجھی دھرتی ہے۔ یہاں بسنے والا ہر شہری برابر کا حق رکھتا ہے، اور آئینِ پاکستان ہر شہری کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اقلیتوں کو نہ صرف عزت دی بلکہ انہیں اپنے ''سر کا تاج'' قرار دیا ہے، جو پنجاب حکومت کے اقلیت دوست وژن کی واضح عکاسی ہے۔

(جاری ہے)

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتوں کی مذہبی آزادی کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ گرجا گھروں، مندروں، گردواروں اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا گیا ہے۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، روزگار اور نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹیاں فعال کی جا رہی ہیں تاکہ ہر برادری کے مسائل مقامی سطح پر حل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور اتحاد کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے اور یہ ہمارا اجتماعی فریضہ ہے کہ ہم مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور بین المذاہب امن کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔ تقریب میں پاسٹر وکٹر اے بی (نائیجیریا)، پاسٹر پیروز یعقوب، پاسٹر جیروم یونس، پاسٹر عرفان شہزاد، پاسٹر ذیشان گل کے علاوہ سیالکوٹ کی مختلف کلیسیاؤں کے نمائندگان اور مسیحی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔