پی ڈی ایم اے پنجاب کا دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر فلڈ الرٹ جاری

پیر 14 جولائی 2025 13:15

پی ڈی ایم اے پنجاب کا دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر فلڈ  الرٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر فلڈ کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کےمطابق تونسہ بیراج میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، تونسہ بیراج پر پانی کا بہائو 4 لاکھ 18 ہزار کیوسک ہے جبکہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے ۔

ڈیرہ غازی خان و بہاولپور کے کمشنرز اور کوٹ ادو، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان ، راجن پور اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز ، ریسکیو 1122 ،لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ الرٹ رہے،وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف اور ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے پٹرول و ڈیزل کا سٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے،عوام کو بھی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دریائوں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلا کو یقینی بنائیں، علاوہ ازیں فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔\932