دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر سیلاب

راجن پور، گھوٹکی اور تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، تونسہ میں کئی بستیاں زیرِ آب

پیر 14 جولائی 2025 14:32

دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر سیلاب
ڈیرہ غازیخان ،راجن پور،گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)دریائے سند ھ میں تونسہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جب کہ گڈو اور سکھر بیراجز پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے، اس کے علاوہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1527 اور منگلا ڈیم میں 1184 فٹ ہو گئی۔

دریائے سندھ میں راجن پور، گھوٹکی اور تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جب کہ تونسہ میں کئی بستیاں زیرِ آب آگئیں۔ دوسری جانب راجن پور کے کچے کے علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی جاری ہے۔کمشنر اشفاق چوہدری نے دریائے سندھ میں غازی گھاٹ کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تونسہ،کوہ سلیمان اور ڈی جی خان میں دریائی اور پہاڑی سیلاب کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر ریلیف کیمپس اور میڈیکل کیمپس قائم کردیے گئیہیں جب کہ کوہ سلیمان کی برساتی ندیوں میں طغیانی ہے۔

کمشنر ڈی جی خان کے مطابق وڈور ندی میں 32 ہزار، سوری ندی میں 12400کیوسک کا ریلا ریکارڈ ہوا، وہوا ندی 5 ہزار، سنگڑ ندی میں7 ہزار، مٹھاون ندی میں 14 ہزار کیوسک کا ریلاگزر رہاہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے، لوگوں کی جان مال کا تحفظ پہلی ترجیح ہے،فی الحال زیادہ خطرے والی بات نہیں ہے۔