ساہیوال ،ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ،ڈپٹی کمشنر

پیر 14 جولائی 2025 18:29

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور تمام اسکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے بروقت مستفید ہو سکیں ۔وہ یہاں منٹگمری ہال میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ضلع بھر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رانا اورنگزیب، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ماہم واحد، اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی نرجس خاتون جعفری اورڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت ضلع ساہیوال میں 27 ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے جن میں 3 سپورٹس، 6 لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، 4 روڈز، 9 پبلک بلڈنگز، 2 ٹرانسپورٹ، 2 ریسکیو 1122 اور 1 محکمہ آرکیالوجی سے متعلق ہے۔

اجلاس میں مختلف اسکیموں کی موجودہ صورتحال، مالی پیشرفت، درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمودنے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کریں اور رکاوٹوں کے فوری ازالے کے لیے باہمی رابطہ کاری کو مؤثر بنائیں۔\378