ملکی اقتصادی ترقی کے لئے نوجوان خود کو دور حاضر کی مہارتوں سے ہم آہنگ کریں، ناصر منصور قریشی

پیر 14 جولائی 2025 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایک ایسے دور میں جہاں آٹومیشن صنعتوں کو غیر معمولی رفتار سے تبدیل کر رہی ہے، ملک کے نوجوانوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے اپنے آپ کو مستقبل کا سامنا کرنے والی مہارتوں سے لیس کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو چیمبر ہا ؤس کا دورہ کرنے والے نوجوان تاجروں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری بھی موجود تھے۔پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے مہارت پر مبنی تربیت کی فوری ضرورت پر زور دیا تاکہ نوجوان نسل کو تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کو خطرات کے بجائے مواقع کے طور پر دیکھنے میں مدد ملے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مستقبل ان لوگوں کا ہے جو ٹیکنالوجی سے چلنے والی دنیا میں جدت سے رہنمائی کو اپنا شعار بنائیں گے۔ناصر منصور قریشی نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مسائل اور ان کےحل پر مبنی تعلیم، حقیقی دنیا کے کیس سٹڈیز اور طلباء میں آگے کی سوچ، تخلیقی صلاحیتوں اور اعتماد کو فروغ دینے والے اقدامات کو مربوط کرکے اپنے تدریسی طریقہ کار کو بہتر بنائیں۔

انہوں نے نوجوانوں کی مزید حوصلہ افزائی کی کہ وہ ابھرتے ہوئے کیریئر کے راستے جیسے کہ ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ، ریموٹ فری لانسنگ اور مواد کی تخلیق جیسے اہم شعبوں میں اپنی مہارتوں کو آزما نے کے لیے تیار رہیں جو کہ روایتی روزگار کے قابل عمل متبادل ہیں۔اس مقصد کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ آئی سی سی آئی ہمارے نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجوں اور مواقع کے لیے تیار کرنے کے لیے سٹریٹجک تعاون کے ذریعے اکیڈیمیہ اور صنعت کے درمیان خلیج کو پر کرنے کے لیے وقف ہے۔