الشفاء ٹرسٹ نے گلگت بلتستان میں آنکھوں کے علاج کا دائرہ وسیع کر دیا

پیر 14 جولائی 2025 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) الشفاء ٹرسٹ نے گلگت بلتستان میں معذور افراد کی فلاح کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر (آئی ایل سی )سے مل کر ضرورتمند افراد کو آنکھوں کے مفت علاج کی سہولت کا سلسلہ وسیع کر دیا ہے۔اس سلسلہ میں آئی ایل سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امجد ندیم نے الشفاء ٹرسٹ کے ارباب اختیار سے ملاقات کی، ان کی کوششوں کو سراہا اور روزانہ پندرہ معزور بچوں اور دیگر افراد کو علاج کے لئے بھیجنے پر اتفاق کیا جہاں انہیں مفت معائنہ، تشخیص، ادویات اور سرجری کی سہولت فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس پسماندہ خطے میں مفت طبی سہولیات کو وسعت دینے کے بارے میں الشفاء ٹرست کے صدر جنرل رحمت خان نے کہا کہ معذور بچوں اور بالغ کو بااختیار بنانے کے لیے صرف آواز بلند کرنا کافی نہیں بلکہ انہیں بنیادی طبی سہولیات تک عملی رسائی دینا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اگرچہ الشفاء ٹرسٹ کا گلگت ہسپتال ابھی زیر تعمیر ہےلیکن اس کے باوجود مقامی آبادی کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

آنکھوں کا علاج ڈاکٹر قائم علی خان اور ڈاکٹر لبنیٰ کی زیر نگرانی جاری ہےجہاں بی اسکین اور بایومیٹری جیسے جدید طبی ٹیسٹ بھی بالکل مفت کیے جا رہے ہیں۔جنرل رحمت خان نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 90 لاکھ افراد کسی نہ کسی درجے کی بصری کمزوری کا شکار ہیں جن میں نابینا پن کے مستقل کیسز بھی شامل ہیں۔ یہ عارضہ خواتین میں مردوں کی نسبت زیادہ پایا جاتا ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آبادی میں اضافے اور عمر رسیدگی کے باعث اس کا دائرہ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اندازاً 85.5 فیصد نابینا پن کے کیسز قابلِ علاج ہیں جن میں سب سے بڑا سبب موتیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الشفاء کے راولپنڈی، چکوال، کوہاٹ، سکھر، مظفرآباد اور گلگت کے ہسپتالوں میں تقریباً 80 فیصد مریضوں کو بالکل مفت علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ لاہور میں بھی ایک نئی شاخ زیر تعمیر ہے جو 2027 تک کام شروع کر دے گی۔انہوں نے کہاکہ الشفاء ٹرسٹ کا مشن قابلِ علاج نابینا پن کا خاتمہ اور پسماندہ طبقے پر آنکھوں کی بیماریوں کا بوجھ کم کرنا ہے۔ہم اب تک لاکھوں زندگیوں کو بدل چکے ہیں اور یہ عوامی اعتماد ہمارے خلوص اور خدمت کے جذبے کا ثبوت ہے۔