Live Updates

o ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) زخرف فدا ملک نے صبح ہونے والی بارش کے فوری بعد شہر کا ہنگامی دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے سلسلے میں جاری اقدامات کا موقع پر جا کر تفصیلی جائزہ لیا

پیر 14 جولائی 2025 21:30

پاکپتن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء)پاکپتن ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) زخرف فدا ملک نے صبح ہونے والی بارش کے فوری بعد شہر کا ہنگامی دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے سلسلے میں جاری اقدامات کا موقع پر جا کر تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے میونسپل کمیٹی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے کی جانب سے برساتی پانی کی نکاسی کے لیے کی جانے والی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مرکزی شاہراہوں، نشیبی آبادیوں اور گلی محلوں سے برساتی پانی کی فوری نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہری معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ بارشوں کے دوران عوامی سہولت، شہری تحفظ اور صاف ماحول کی فراہمی کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام مین ہولز پر کورز کی فوری تنصیب اور ان کی مستقل مانیٹرنگ کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو تاکید کی کہ فیلڈ میں موجود عملے کی حاضری، کارکردگی اور نکاسی آب کے عمل کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور صفائی ستھرائی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ موسمی حالات پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے الرٹ اور متحرک ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نکاسی آب کے عمل میں تعاون کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں ضلعی کنٹرول روم یا متعلقہ محکمے سے فوری رابطہ کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :