ة روایتی سیاسی جماعتیں ملک وقوم کے مسائل کے حل میں بری طرح ناکام رہی ہیں‘سردار مہتاب احمد خان

ؒآج پاکستان میں ہائبرڈ نہیں بلکہ یکطرفہ نظام ہے جس میں سیاسی حکومت کا کسی بھی معاملہ میں عمل دخل نہیں‘تقریب سے خطاب

پیر 14 جولائی 2025 21:30

@پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء)پاکستان عوام پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ روایتی سیاسی جماعتیں ملک وقوم کے مسائل کے حل میں بری طرح ناکام رہی ہیں کیونکہ ان جماعتوں کا نصب العین ہر قیمت پر اقتدار کا حصول اور اس کے بعد اسے برقرار رکھنا ہے۔ آج پاکستان میں ہائبرڈ نہیں بلکہ یکطرفہ نظام ہے جس میں سیاسی حکومت کا کسی بھی معاملہ میں عمل دخل نہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز حیات آباد پشاور میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ممتاز سماجی شخصیت فہد امین نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تقریب میں عوام پاکستان پارٹی کی رہنماء گل رخ بخاری اور دیگر رہنما?ں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

سردار مہتاب احمد خان نے فہد امین اور ان کے ساتھیوں کی عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں شمولیت کے سووینیئر دیئے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ کسی نئی سیاسی جماعت کا قیام کوئی آسان کام نہیں، ماضی میں اسٹیبلشمنٹ کے ایماء پر سیاسی جماعتوں کی تشکیل کے باعث ملک میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں آ سکی کیونکہ ان جماعتوں کا نصب العین اقتدار کا حصول اور پھر اقتدار کو برقرار رکھنا ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ ان جماعتوں کی روایتی سیاست کے باعث وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ قوم کے مسائل میں اضافہ ہوا اور اس کے ساتھ عوام اور حکومتوں کے مابین فاصلے بڑھتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دو تین روایتی سیاسی جماعتوں کو اکیلے اور اتحادوں دونوں صورتوں میں حکومت کرنے کا موقع ملا لیکن مسائل حل ہونے کی بجائے گھمبیر ہوتے گئے خصوصا نوجوانوں میں مایوسی پائی جا رہی ہے، ان نوجوانوں کی بڑی تعداد ملک چھوڑنے پر تلی بیٹھی ہے۔ سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ ایک سے زائد بار موقع ملنے کے باوجود سیاسی جماعتیں ڈیلیور کرنے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہیں اور یہ سیاست میں دنیا کی تاریخ سے ثابت ہے کہ جب بھی سیاسی جماعتیں ناکام ہوئیں نئی سیاسی جماعت وجود میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی روایتی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، یہ چور دروازے یا غیرجمہوری طریقوں اور الیکٹیبلز کے بل بوتے پر حکومت میں آنے پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کے قیام کا مقصد پاکستان کے عوام کو ایک متبادل پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت متوسط طبقے کے پروفیشنل اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو آگے کے مواقع فراہم کرے گی جو ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کا پوٹینشل رکھتے ہیں