Live Updates

حکومت پر تنقید کے باعث مبینہ گرفتاری کے بعد لاپتہ شہری عدالتی حکم پر بازیاب، رہائی بھی مل گئی

شہری کے بیٹے کی درخواست پر سماعت کرنے والے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ساجد نواز کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 جولائی 2025 12:50

حکومت پر تنقید کے باعث مبینہ گرفتاری کے بعد لاپتہ شہری عدالتی حکم پر ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی 2025ء ) حکومت پر تنقید کے باعث مبینہ گرفتاری کے بعد لاپتہ شہری کو عدالتی حکم پر بازیاب کرالیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پر تنقید کے باعث مبینہ گرفتاری کے بعد لاپتہ شہری کو عدالتی حکم پر بازیابی کے بعد عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے ملزم کو پیش کیا، جس کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرنے والے بزرگ شہری ساجد نواز کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا جس پر پولیس نے بزرگ شہری کو رہا کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور میں بارش کے دوران حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آرمی چیف کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کے باعث مبینہ طور پر گرفتار کیے جانے والے ساجد نواز نامی شہری کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کی گئی، اس حوالے سے لاپتہ شخص کے بیٹے عمر نے لاہور کی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی۔

(جاری ہے)

ساجد نواز کے بیٹے نے درخواست میں کہا کہ ’والد کو پولیس نے 2 دن سے گرفتار کر رکھا ہے، کوئی مقدمہ ہے نہ کسی عدالت میں پیش کر رہے ہیں، سٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) جوہر ٹاؤن نے میرے والد کو 2 دن سے حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے، پولیس نے میرے والد سے معافی کی ویڈیوز بنوا کر سوشل میڈیا پر شئیر کیں، میرے والد کو بازیاب کروانے کا حکم دیا جائے۔

معلوم ہوا ہے کہ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ سمیر خان خٹک، ایڈووکیٹ نعمان سرور ڈوگر پیش ہوئے، جس پر ایڈیشنل اینڈ سیشن جج غلام فرید نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 جولائی کو پولیس سے جواب طلب کرلیا، عدالت نے حکم دیا کہ ’اگر مغوی پولیس کی تحویل میں ہے تو کل بحفاظت عدالت میں پیش کیا جائے‘، بعد ازاں عدالت کی جانب سے سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے کہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بارش کے دوران راستوں کی بندش کے دوران برسات کے پانی سے بھرے روڈ پر سے اپنی موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے ایک شہری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی جس میں شہری کو حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے دیکھا اور سنا گیا، بعد ازاں وہی شہری ایک اور تصویر میں پولیس موبائل میں بیٹھا دکھائی دیا جس سے بظاہر یہی معلوم ہوا کہ مبینہ طور پر پولیس نے اس شخص کو گرفتار کرلیا۔

chacha rain
 
اس کے علاوہ شہری کی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ حکومت پر اپنی تنقید پر معذرت کرتے ہوئے دکھائی دیا، مسلم لیگ ن کی رہنماء حنا پرویز بٹ کی جانب سے شہری کی معذرت کی ویڈیو شیئر کی گئی جس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’یہ وہی ہے نہ جو گزشتہ روز بکواس کر رہا تھا؟؟ کہاں گیا وہ جوش؟‘۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات