پی اے سی میں پارلیمنٹیرینز اور گریڈ 22 کے افسران کو حاصل مراعات اور تنخواہوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ

جرنیلوں اور ججز کو حاصل مراعات اور تنخواہوں کا پیکیج بھی شیئر کیا جائے،ہمیشہ کیلئے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا. ثنا اللہ مستی خیل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 جولائی 2025 15:53

پی اے سی میں پارلیمنٹیرینز اور گریڈ 22 کے افسران کو حاصل مراعات اور تنخواہوں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جولائی ۔2025 )پارلیمنٹ کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی(پی اے سی ) کے اجلاس میں رکن پی اے سی ثنا اللہ مستی خیل نے ارکان پارلیمنٹ اور گریڈ 22 کے افسران کو حاصل مراعات اور تنخواہوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ جرنیلوں اور ججز کو حاصل مراعات اور تنخواہوں کا پیکیج بھی شیئر کیا جائے.

(جاری ہے)

چیئرمین جنید اکبر خان کی زیرصدارت پی اے سی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن پی اے سی ثنا اللہ مستی خیل نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ، گریڈ 22 کے افسران کو حاصل مراعات، تنخواہوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں، ساتھ ہی انہوں نے جرنیلوں اور ججز کو حاصل مراعات اور تنخواہوں کا پیکیج بھی شیئر کرنے کا مطالبہ کیا. ثنا اللہ مستی خیل کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کیلئے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا چیئرمین پی اے سی اور دیگر ارکان ثنا اللہ مستی خیل کا مطالبہ سن کر مسکرا دیئے ثنا اللہ مستی خیل نے کہا کہ چیئرمین صاحب آپ ڈائریکشن دیں، کیا آپ بھی ڈرتے ہیں؟ اس سے پتہ چل جائے گا کہ سیاستدان یا دوسرے کتنے کرپٹ ہیں، میں یہ مطالبہ کرنے پر کوئی بھی نتیجہ بھگتنے کو تیار ہوں کم از کم اس سے عوام کو پتہ تو چلے گا کہ کرپٹ کون ہے سیاستدان یا کوئی اور.

چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ میں نے توشہ خانہ کا ریکارڈ منگوایا تھا لیکن صرف ارکان پارلیمنٹ کا ڈیٹا مہیا کیا گیا، دوسروں کے بارے میں کہا گیا کہ وہ تحفے سیدھے گھروں کو لے جاتے ہیں، لہذا میں نے اسے بھی پبلک نہیں کیا چیئرمین پی اے سی نے معاملے پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے کسی بھی واضح فیصلے سے گریز کیا.