صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی زیرصدارت ملک بھرکے چیمبرز کے عہدیداران کا مشاورتی اجلاس

منگل 15 جولائی 2025 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے وفاقی وزراء سے مذاکرات سے قبل ملک بھر کے چیمبرز کی قیادت سے مشاورت کی ہے۔اجلاس میں سینئر نائب صدر فیڈریشن ثاقب فیاض مگوں، ذکی اعجاز، نائب صدر طارق جدون، کریم عزیز ملک، ملک سہیل سمیت صدر آئی سی سی آئی اور دیگر بزنس لیڈر بھی شریک تھے۔

مشاورتی اجلاس میں فنانس بل میں تجویز کیے گئے حکومتی اقدامات اور سیلز ٹیکس ایکٹ کی متنازع شقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر بزنس کمیونٹی نے حالیہ قانون سازی پر تشویش کا اظہار کیا اور عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ بھی کیا۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے باہمی اتحاد پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بزنس کمیونٹی کو حکومت کے ساتھ ہونے والی بات چیت اور وزیر خزانہ کے ساتھ شیڈول مذاکرات کے حوالے سے اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ قانون سازی کی وجہ سے کاروباری ماحول متاثر ہوا ہے، حکومت معاملے کو سنجیدہ لے اور مسائل کو حل کرے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اس معاملے پر حکومت کے ساتھ مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، امید ہے وزیر خزانہ سے ملاقات میں مسئلہ حل ہو گا۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں بزنس کمیونٹی متحد ہے کسی بھی قسم کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ چیمبرز عہدیداروں نے کہا کہ حالیہ اقدامات سے عام آدمی براہ راست متاثر ہوگا، ان پر نظر ثانی کی جائے۔