وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس

منگل 15 جولائی 2025 19:35

وفاقی وزیر   رانا تنویر حسین کی زیر صدارت  پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین کی زیر صدارت پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے ) کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ایکس (سابقہ)مل قیمت پر مؤثر عملدرآمد اور ملک بھر میں چینی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔

اجلاس میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین، سینئر اراکین اور وزارت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر چینی کی قیمتوں پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ عوام تک چینی کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کے فیصلے کو سراہا اور قیمتوں کے استحکام کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن نے 165 روپے فی کلو ایکس مل قیمت پر چینی کی فراہمی پر رضامندی ظاہر کی۔

توقع ہے کہ چینی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات آئندہ دو سے تین دن میں مارکیٹ میں واضح ہونا شروع ہو جائیں گے۔اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے، چینی کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی کی ریٹیل قیمت کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا اور ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے ایک مؤثر حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے تاکہ چینی کی وافر فراہمی مسلسل جاری رکھی جا سکے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عوامی مفاد حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزارت شوگر انڈسٹری کے ساتھ مل کر قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنائے گی۔