سرینگر ،ملازمت کے حصول کے امیدوار کشمیری نوجوانوں کا احتجاجی مظاہرہ

منگل 15 جولائی 2025 20:13

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) مقبوضہ جموں وکشمیرمیں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کے حصول کے امیدوار کشمیری نوجوانوں نے پریس انکلیو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیااورمقبوضہ علاقے میں سرکاری بھرتیوں کے 12سال پرانے اسکینڈل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے پر قابض انتظامیہ کی مذمت کی ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین کاکہناتھا کہ قابض انتظامیہ کی اس سلسلے میں طویل خاموشی سے اسکی دانستہ بے حسی ظاہر ہوتی ہے۔اس سے قبل بھارتی پولیس نے شہر کے علاقے گپکار میں مظاہرین کو احتجاج کی اجاز ت نہ دی اور کئی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا، تاہم نوجوانوں نے دوبارہ لال چوک میں جمع ہوکر مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسداد بدعنوانی بیوروکی طرف سے محکمے میں بھرتیوں کے اسکینڈل کی تحقیقات اوربارہ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وہ 12سال سے انصاف کیلئے جدوجہد کرر ہے ہیں لیکن ابھی تک انکی کوئی داد رسی نہیں کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ غیر منصفانہ طورپر 109امیدواروں کونوکریاں دی گئی ہیں جبکہ ٹھوس شواہد ہونے کے باوجودکسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ مظاہرین نے افسوس کا اظہار کیا کہ انہوں نے متعدد بار لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت انتظامیہ سے رابطہ کیا لیکن ان کی درخواستوں پر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔نوجوانوں نے خبردار کیا کہ اگر انہیں انصاف فراہم نہ کیاگیا تو وہ اپنے احتجاج میں مزید تیزی لائیں گے ۔