سولر توانائی کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش سولر پاکستان 2025 ملتان میں منعقد ہو گی

منگل 15 جولائی 2025 23:40

سولر توانائی کی سب سے بڑی بین الاقوامی نمائش سولر پاکستان 2025 ملتان ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء) پاکستان کو تیزی سے سولر توانائی کی جانب گامزن کرنے کے لیے فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیر اہتمام ملک کی سب سے بڑی سولر توانائی کی نمائش سولر پاکستان ملتان میں منعقد ہو گی، تین روزہ نمائش 18 سے 20 جولائی 2025 تک ریلوے آفیسر کلب، ملتان میں جاری رہے گی،دنیا کی 50 سے زائد نمایاں کمپنیاں اپنی جدید ترین مصنوعات کے ساتھ اس نمائش میں شریک ہوں گی۔

سولر پاکستان 2025 کا مقصد پاکستان میں ماحول دوست توانائی کو فروغ دینے اور ملک کے معاشی و ماحولیاتی مستقبل میں سولر توانائی کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ نمائش صنعتی ماہرین، اور ٹیکنالوجی فراہم کنندگان کو ایک جگہ اکٹھا کرے گی، جس سے اعلیٰ سطح کی شراکت داری اور جدت پر مبنی تعاون کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

اس نمائش میں ہزاروں تجارتی شرکاء اور توانائی کے شعبے سے وابستہ افراد کی شرکت متوقع ہے ۔

سلیم خان تنولی، سی ای او، فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے کہاکہ سولر پاکستان 2025 کو ملتان لانے کا مقصد جنوبی پنجاب کی شمسی توانائی کی صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے،یہ ایک ایسی نمائش ہے جو پالیسی سازوں، سرمایہ کاروں، توانائی کے مشیروں، اور تعلیمی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لاتی ہے۔ ہم پاکستان میں سولر توانائی کے مستقبل کی تشکیل کر رہے ہیں اور اپنے آنے والے کل کو پہلے سے بہتر بنانے کے لیے اپنے عزم کو مستحکم کر رہے ہیں ۔

مسلسل تین دن جاری رہنے والی نمائش کے دوران، شرکاء سولر ٹیکنالوجی میں جدید ترین مصنوعات کا جائزہ لیں گے، جس سے پاکستان میں توانائی کے شعبے کو فروغ ملے گا اور ایک بہترمستقبل کی راہ ہموار ہوگی پاکستان کو توانائی کے ماحولیاتی مسائل جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر سولر توانائی جیسے متبادل ذرائع کی طرف منتقلی ایک اہم ضرورت ہے۔ ’’سولر پاکستان‘‘ ملک میں متبادل توانائی کے شعبے میں خاص اہمیت کی حامل ہے ، جو اقتصادی ترقی کو مزید تیز کرے گی، ایندھن پر انحصار کم کرے گی۔یہ نمائش پاکستان کے پائیدار مستقبل کے لیے اس کے عزم کو مزید مستحکم کرے گی۔