پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے،وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 30 جولائی 2025 17:39

پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے،وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے، اسی لیے اس سال جشنِ آزادی کا تھیم معرکہ حق ہوگا اور تقریبات بھرپور انداز میں منائی جائیں گی،وفاقی حکومت اور صوبے مل کر14 دن سلیربیٹ کریں گے، جشن آزادی پر گاڑی، دکان یا عمارت کی بہتر سجاوٹ پر انعام دیا جائے گا۔

کراچی میں سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن اور ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، اس بار 14 اگست صرف ایک دن تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ یکم سے 14 اگست تک مختلف تقریبات کا انعقاد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال 14 اگست مناتے ہیں، لیکن اس بار وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ جشنِ آزادی صرف ایک دن تک محدود نہ ہو، یکم سے 14 اگست تک مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ مئی میں حاصل ہونے والی معرکہ حق کی کامیابی کو بھی بھرپور انداز میں منایا جائے اور قوم کو آزادی کی اہمیت کا عملی احساس دلایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت اور صوبوں نے مل کر چودہ دن سلیربیٹ کر لے گا، جو نہیں کرے گا اس کو لوگ پہچان لیں گے، شر پسند عناصر اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں لیکن پولیس رینجرز اور پاک فوج تیار ہے ۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ہم نے کبھی ہار نہیں مانی، دہشت گردی کے ڈر سے کوئی پروگرام کینسل نہیں کریں گے، میڈیا سے گذارش ہے کہ وہ ہمارا ساتھ دیں جو گھر،گاڑی،مال،عمارت اور سرکاری عمارت سجاتا ہے وہ ان کی نشاندہی کریں،انہیں انعام دیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی عمارت پر جھنڈے لگائے جائیں گے، ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں تقریبات ہوں گی، پرچم کشائی ہو گی۔ حیدرآباد میں بھی رانی باغ میں کلچرل تقریب اور کنسرٹ ہو گا جبکہ سکھر میں بھی معرکہ حق کے سلسلے میں ثقافتی تقریب ہو گی۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں سی ویو پر جشن آزادی کی بڑی تقریب ہو گی، جشن آزادی کی تقریبات میں سب سے آگے ہو گا۔

ونٹیج کار اور ہیوی بائیکس کی ریلیاں کرانے کی کوشش کریں گے، خواتین کے میلے ہوں گے، پینٹنگ کے مقابلے ہوں گے، محکمہ ثقافت کو گائیگی کے مقابلے کرانے کی بھی ہدایت کی ہے، جشن آزادی کے حوالے سے مشاعرہ ہوگا، رکشہ ریلی کا بھی پروگرام ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی جی اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے، عوام بھی تعاون کریں، یہ پاکستان کی خاطر ریلیاں ہوں گی۔

تمام سیاسی جماعتوں کو جشن آزادی کی تقریات میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کو باضابطہ دعوت نامے بھی ارسال کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یوم اگست کی تقریبات کے دوران اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، محکمہ تعلیم اپنے پروگرام ترتیب دے رہا ہے۔ 9 سے 11 اگست تک شاہ عبداللطیف بھٹائی کا میلہ ہے، اس میں بھی جشن آزادی کا رنگ نظر آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ ہمیشہ لیڈ کرتا ہے اور کرتا رہے گا، کابینہ میں جب تبدیلی کرنا ہو گی وہ میں کر دوں گا سب کو پتہ چل جائے گا۔