ضلعی عدالتوں نے قتل،اقدام قتل اور منشیات کے مجرمان کو سزائیں سنا دیں

منگل 15 جولائی 2025 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) راولپنڈی کی ضلعی عدالتوں نے قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں نامزد چار مجرمان کو سزائے موت اور منشیات کے پانچ مجرمان کو مختلف سزائیں سنادی ہیں ۔منگل کو مقامی عدالتوں میں قتل ، اقدام قتل اور منشیات کے نو فیصلے سنائے گئے۔مجرم صغیر، کامران اور عبدللہ کو قتل کے جرم میں سزائے موت اور 4,4 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی گئی،مجرمان نے زمین کے تنازعے پر فائرنگ اورکلہاڑی کے وار سے دوشہریوں کو قتل کر دیا تھا۔

واقعہ کا مقدمہ جولائی 2024 تھانہ روات میں درج کیا گیا تھا۔ مجرم حسنین علی کو قتل کے جرم میں سزائے موت اور5 لاکھ روپے ہرجانہ، اقدام قتل کے جرم میں 10سال قید اور1 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ضرر کے جرم میں 50 ہزار روپے ضمان کی سزا سنائی گئی۔

(جاری ہے)

مجرم نے سابقہ رنجش پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل جبکہ ایک کو زخمی کر دیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ اگست 2024 تھانہ ٹیکسلا میں درج کیا گیا تھا۔

مجرم بلال خان کو 14 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، مجرم سے 5 کلو 600 گرام چرس برآمد ہونے پر پیرودہائی پولیس نے فروری 2025 میں گرفتار کیا تھا، مجرم سمید کو 9 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، مجرم سے 1 کلو 449 گرام چرس برآمد ہونے پر رتہ امرال پولیس نے اکتوبر 2023 میں گرفتار کیا تھا، مجرم جاوید اختر کو 9 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، مجرم سے 1 کلو100 گرام چرس برآمد ہونے پر گنجمنڈی پولیس نے جون 2023 میں گرفتار کیا تھا، مجرم نعمان رشید کو 9 سال قید اور 80ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، مجرم سے 1 کلو600 گرام چرس برآمد ہونے پر کینٹ پولیس نے دسمبر 2024 میں گرفتار کیا تھا، مجرم قربان کو 9 سال قید اور 80ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی،مجرم سے 1 کلو540 گرام چرس برآمد ہونے پر جاتلی پولیس نے دسمبر 2023 میں گرفتار کیا تھا۔