انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک میں صحافیوں کیلئےآگاہی سیریز ہیلتھ وائز کا آغاز

منگل 15 جولائی 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک نے صحافیوں کیلئےخصوصی سہ ماہی آگاہی سیریز ہیلتھ وائز کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد صحت سے متعلق اہم موضوعات پر تحقیق پر مبنی مکالمہ کو فروغ دینا ہے۔منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق پہلا سیشن انڈس اسپتال کورنگی کیمپس میں منعقد ہوا، جہاں ذیابیطس اور ذہنی دبائو کے درمیان تعلق پر روشنی ڈالی گئی۔

سیشن کی قیادت ملک کے معروف ماہر ذیابیطس، پروفیسر عبدالباسط نے کی جو انڈس ذیابیطس اینڈوکرائنولوجی سینٹر کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔پروفیسر عبدالباسط نے کہاکہ ذیابیطس کے مریضوں میں ڈپریشن کا امکان عام افراد کے مقابلے میں دو سے تین گنا زیادہ ہوتا ہے، مگر افسوس کہ پاکستان میں ذہنی صحت کے ماہرین کی شدید کمی ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں فوری طور پر جسمانی بیماریوں کے علاج میں ذہنی صحت کے پہلو کو شامل کرنا ہوگا۔

سیشن میں صدر انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک ڈاکٹر عبدالباری خان، سی ای او پروفیسر سید ظفر زیدی،صحافیوں، ڈاکٹروں اور ادارے کے افسران نے شرکت کی۔ڈاکٹر عبدالباری خان نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا معاشرے میں صحت کے حوالے سے مثبت رویوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ وائز کے ذریعے ہمارا مقصد میڈیا کو سائنسی تحقیق اور مصدقہ معلومات سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنی رپورٹنگ میں صحت عامہ کے اہم پہلوں کو بہتر انداز میں اجاگر کر سکیں۔