بھارت :بمبئی سٹاک ایکسچینج کو بم کی دھمکی موصول ، پولیس کی تلاشی کارروائی

منگل 15 جولائی 2025 20:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) بھارت میں بمبئی سٹاک ایکسچینج کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی موصول ہوئی جس کے بعد پولیس نے تلاشی کی کارروائی شروع کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھمکی آمیز ای میل بی ایس ای کی آفیشل ویب سائٹ پر ’’کامریڈ پنیاری وجین‘‘نامی آئی ڈی سے موصول ہوئی ہے جس کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز متحرک ہوگئیں۔

(جاری ہے)

ای میل میں خبردار کیا گیا تھا کہ سٹاک ایکس چینج کی فیروز ٹاور بلڈنگ میں چار آر ڈی ایکس بارودی سرنگیں رکھی گئی ہیں اور وہ سہ پہر 3بجے پھٹ جائیں گی۔ای میل کے بعد ممبئی پولیس اور بم ناکارہ کرنے والے سکواڈ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مکمل تلاشی لی تاہم وہاں کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔ پولیس نے اسے دھوکہ قرار دیا۔ ای میل بھیجنے والے کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔پیر کے روز نئی دہلی کے تین سکولوں کو بھی بم کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جو بعد میں سکیورٹی چیک کے بعد جعلی ثابت ہوئیں۔پولیس نے بتایاکہ امرتسر میں گولڈن ٹیمپل کو بھی پیر کو بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر تلاشی لی۔