پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ اور ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی شمولیت کے لیے تین درجاتی ڈیپارٹمنٹل کرکٹ سٹرکچر کا اعلان

منگل 15 جولائی 2025 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ اور ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کی شمولیت کے لیے تین درجاتی ڈیپارٹمنٹل کرکٹ اسٹرکچر کا اعلان کر دیا ہے جو آئندہ ڈومیسٹک سیزن سے نافذ العمل ہو گا۔ اس اسٹرکچر کے تحت گریڈ ون اور گریڈ ٹو کے بعد ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی تاریخ میں پہلی دفعہ گریڈ تھری ٹورنامنٹ بھی کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق گریڈ ون ٹورنامنٹ میں آٹھ ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی جو نومبر تا دسمبر 2025 میں ون ڈے کپ کھیلیں گی جب کہ فرسٹ کلاس پریذیڈنٹ ٹرافی دسمبر 2025 سے جنوری 2026 کے دوران منعقد ہو گی۔ گریڈ ٹو میں اس سال 14 ٹیمیں شامل ہوں گی جن میں 12 ٹیمیں گزشتہ سیزن سے جبکہ 2 ٹیمیں گریڈ ون سے ریلیگیٹ ہو کر شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو مارچ سے مئی 2026 تک کھیلی جائے گی۔ تاریخ میں پہلی بار گریڈ تھری ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں شرکت کرنے والی ٹیمیں گریڈ ٹو میں ترقی حاصل کر سکیں گی۔ ہر سال گریڈ تھری کی ٹاپ 2 ٹیمیں گریڈ ٹو کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ گریڈ ٹو کی فاتح ٹیم گریڈ ون میں ترقی پائے گی۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ اس نئےا سٹرکچر سے 40 سے زائد ڈیپارٹمنٹس کو معیاری کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا جو نہ صرف کھلاڑیوں کی ترقی کا ذریعہ بنے گا بلکہ قومی ٹیم کے لیے باصلاحیت کرکٹرز کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی ان تمام ڈیپارٹمنٹس کا شکر گزار ہے جو ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری اور چار ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس کے انعقاد میں تعاون کر رہے ہیں۔ نئے سٹرکچر کے تحت ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ایک بار پھر ملکی کرکٹ کا مضبوط ستون بننے جا رہی ہے جو ماضی میں قومی ٹیم کے کئی نامور کھلاڑیوں کا ذریعہ بن چکی ہے۔