وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کاشروٹ، شکیوٹ اور بیارچی گلاپور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

منگل 15 جولائی 2025 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے شروٹ، شکیوٹ اور بیارچی گلاپور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ، محکمہ برقیات اور محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔

ایمرجنسی کے تحت بحالی کے کام فوری طو ر پر شروع کئے جائیں۔ خصوصاً واٹر سپلائی اور آبپاشی کے چینلز کی فوری بحالی پر کام شروع کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین میں ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سیلاب سے ہونے والے گھروں کے نقصانات، مال مویشیوں سمیت فصلوں کے نقصانات کا تفصیلی سروے کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروے کار لائے جائیں گے، گھروں اور جانوروں کے نقصانات کا حکومتی پالیسی کے تحت معاوضوں کی ادائیگی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر متاثرین اور متعلقہ علاقوں کے عمائدین سے ملاقاتیں کیں جس پر متاثرین نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں آپ نے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوکر ہمارے حوصلے بلند کئے ہیں۔

بروقت ریلیف کی فراہمی اور بحالی کے حوالے سے دیئے جانے والے احکامات پر ہم آپ کے مشکور ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر و ممبر گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ، معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ حسین شاہ اور معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ محمد علی قائد بھی تھے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔