بہار میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے معاملے کی رپورٹنگ کرنے پر صحافی اجیت انجم کے خلاف مقدمہ درج

منگل 15 جولائی 2025 21:40

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) بھارتی ریاست بہار میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے معاملے کی رپورٹنگ کرنے پر آزاد صحافی اجیت انجم کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجیت انجم کا کہنا ہے کہ سوالوں کے جواب دینے کے بجائے اب صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں ڈروں گا نہیں ، میں صرف سچ دکھائوں گا۔

ان پر الزام لگایاگیا ہے کہ انہوں نے جاری عمل کے بارے میں غلط جانکاری پھیلائی۔یہ ایف آئی آر 13جولائی کو بلیا پولیس اسٹیشن میں ان کے یوٹیوب چینل پر 12جولائی کو پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو کے سلسلے میں درج کی گئی ہے جس میں انجم نے صاحب پور کمال اسمبلی حلقہ میں ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا الزام لگایا ۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں دکھایا گیا کہ بلیا میں ایس آئی آر کے عمل کوکس طرح انجام دیا جا رہا ہے اور دعوی کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو مطلوبہ دستاویزات یا تصاویر کے بغیر بہت سے ووٹر فارم بھرے اور اپلوڈ کیے جا رہے ہیں۔

اجیت انجم نے کہاکہ بہار میں الیکشن کمیشن کے کام کرنے کے طریقہ کار پر سینکڑوں سوالات ہیں۔ ان سوالوں کا جواب دینے کے بجائے اب صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اس ویڈیو میں اپنا موقف پیش کیا ہے۔دریں اثناء ڈیجیٹل میڈیا تنظیموں اور آزاد صحافیوں کی ایسوسی ایشن ڈی جی پب نیوز انڈیا فائونڈیشن نے صحافی کے خلاف درج ایف آئی آر کی شدید مذمت کی ہے اور اسے آزادی صحافت پر براہ راست حملہ قرار دیا ہے۔

صحافیوں کی ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا ، ڈی جی پب نیوز انڈیا فائونڈیشن آزاد سینئر صحافی اور یوٹیوبر اجیت انجم کے خلاف بہار کے بیگوسرائے میں درج ایف آئی آر کی شدید مذمت کرتی ہے اور ایف آئی آر کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے یہ ایف آئی آر صرف ایک صحافی پر حملہ نہیں ، بلکہ آزاد صحافت اور عوام کے سچ جاننے کے حق پر براہ راست حملہ ہے۔