پہلی فلم میں ہی عمر کا طعنہ دیا گیا، اب طعنے برداشت کرنا عادت بن چکی، ہمایوں سعید

ماہرہ خان کو بھی لو گرو میں بطور رومانوی ہیروئن نظر آنے پر عمر کے طعنے دیے گئے،ٹی وی پروگرام میں گفتگو

بدھ 16 جولائی 2025 10:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)معروف اداکار ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ان کی پہلی فلم کے بعد ہی عمر کے طعنے دینا شروع کردیے گئے تھے اور اب طعنے برداشت کرنا ان کی عادت بن چکی ہے، وہ مزید ڈھیٹ بن جائیں گے۔ہمایوں سعید نے حال ہی میں سرکاری ٹی وی کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران ان کے ساتھ فلم ساز ندیم بیگ بھی شریک ہوئے، انہوں نے بھی اداکاروں پر تنقید کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا اور کہا کہ اداکاروں اور فلم سازوں پر عمر، خوبصورتی اور جسامت کے علاوہ ہر چیز پر تنقید ہو سکتی ہے، کام اور اداکاری پر تنقید کی جائے، نہ کہ کسی کی عمر اور چہرے پر باتیں بنائی جائیں۔

(جاری ہے)

پروگرام کے دوران ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ انہیں فلمی کیریئر کے آغاز سے ہی طعنے مل رہے ہیں اور ان پر شروع سے ہی تنقید ہو رہی ہے، اب تنقید برداشت کرنا ان کی عادت بن چکی ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ کسی کے طعنے دینے یا تنقید کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لوگوں کی ایسی بے معنی تنقید سن سن کر لگتا ہے کہ وہ ڈھیٹ بن جائیں گے۔اسی دوران ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ انہیں ان کی پہلی فلم انتہا کے بعد عمر کے طعنے دیے جانے لگے، حالانکہ اس وقت وہ بہت جوان تھے۔انہوں نے بتایا کہ انتہا فلم میں انہوں ںے کالج کے طالب علم لڑکے کا کردار ادا کیا تھا لیکن اس پر بھی انہیں اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا اور میگزین میں مضمون لکھا گیا کہ ہمایوں سعید زائد العمر نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ان کے جسمانی خدوخال ایسے رہے ہیں کہ وہ نوجوانی میں بھی لڑکے کی طرح نظر آنے کے بجائے مرد کی طرح دکھائی دیتے تھے۔ان کی بات پر ندیم بیگ نے بھی کہا کہ ہمایوں سعید کی جسامت ایسی رہی ہے کہ وہ بچپن میں بھی مردوں کی طرح نظر آتے تھے۔خیال رہے کہ حال ہی میں ہمایوں سعید کی ریلیز ہونے والی رومانٹک فلم لو گرو پر انہیں تنقید کا سامنا ہے، انہیں زائد العمری میں بطور رومانوی ہیرو نظر آنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ان کے ساتھ ساتھ ماہرہ خان کو بھی لو گرو میں بطور رومانوی ہیروئن نظر آنے پر عمر کے طعنے دیے گئے۔

متعلقہ عنوان :