پاکستان اور بھارت کی جنگ میں 5 طیارے گرائے گئے، ٹرمپ نے بھی تصدیق کردی

پاکستان اور بھارت کے درمیان اس وقت صورتحال نہایت خطرناک تھی، اگر فوری مداخلت نہ کی جاتی تو خطہ ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا تھا؛ وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 جولائی 2025 10:57

پاکستان اور بھارت کی جنگ میں 5 طیارے گرائے گئے، ٹرمپ نے بھی تصدیق کردی
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی 2025ء ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے دوران 5 جنگی طیارے مار گرائے گئے، صورتِ حال جنگ بندی کے بعد پرسکون ہو گئی۔ وائٹ ہاؤس میں ریپبلکن امریکی قانون سازوں کے اعزاز میں عشائیے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درحقیقت طیارے ہوا میں مار گرائے جا رہے تھے، جو 4 یا 5 تھے لیکن میرا خیال ہے 5 طیارے واقعی مار گرائے گئے تھے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ کا سنگین خطرہ پیدا ہوگیا تھا جو ایک انتہائی حساس صورتحال تھی، جسے ذاتی طور پر مداخلت کرتے ہوئے ختم کروایا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میرے لیے فخر کی بات یہ ہے کہ میں نے دنیا کی کئی بڑی جنگیں روکی ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان اس وقت صورتحال نہایت خطرناک تھی، اگر فوری مداخلت نہ کی جاتی تو خطہ ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا تھا، اس لیے میں نے دونوں ممالک کی قیادت سے رابطہ کیا اور اس کشیدگی کو ختم کرایا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں امریکی صدر نے مزید کہا کہ غزہ سے جلد مزید یرغمالی رہا ہو جائیں گے، ہم امریکہ کو دنیا کا کرپٹو دارالحکومت بنا رہے ہیں، کرپٹو میں ہم سب سے آگے ہیں، اس کے علاوہ ہماری حکومت نے ”بگ بیوٹی فل بل“ پاس کرایا جو امریکی معیشت اور مستقبل کی سرمایہ کاری میں انقلابی کردار ادا کرے گا۔

دوسری طرف صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وال اسٹریٹ جرنل کے پبلشر اور ان صحافیوں کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا جنہوں نے 2003ء میں جیفری ایپسٹین کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر دی جانے والی خطوط کی کلیکشن کا ذکر تھا، ان میں ایک ایسا نوٹ بھی شامل تھا جس پر ٹرمپ کا نام درج تھا اور ایک ننگی عورت کا خاکہ بھی موجود تھا، اس مقدمہ میں کم از کم 20 ارب ڈالر کا ہرجانہ طلب کیا گیا ہے، ٹرمپ کی ان میڈیا اداروں کے خلاف جاری قانونی مہم کا غیر معمولی اضافہ ہے جنہیں وہ اپنا مخالف سمجھتے ہیں، ٹرمپ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے وہ نوٹ خود لکھا تھا۔