Live Updates

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل شروع ہونے کی پیشگوئی

سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 جولائی 2025 11:40

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل شروع ہونے کی پیشگوئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی 2025ء ) کل سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل شروع ہونے کی پشگوئی کردی گئی جس کی وجہ سے ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، اس کے پیش نظر اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کل بروز اتوار 20 جولائی سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ کل شروع ہونے کا امکان ہے جس کے باعث پنجاب، خیبر پختونخواہ، سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں شدید بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے بعض علاقوں میں آج بھی بارش کی توقع ہے۔

بتایا گیا ہے کہ موسمی صورتحال کیے پیش نظر پنجاب کی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کردیا، ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 جولائی کے دوران لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بارشیں متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، چشمہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، کالاباغ کے مقام پر دریائے سندھ کا پانی قریبی علاقوں کمر مشانی، مدت والا، چھینہ پوڑا، کچہ گجرات اور ڈھینگانہ میں داخل ہو چکا ہے، جناح بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 96 ہزار 629 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 89 ہزار 79 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی موسم ابر آلود ہے اور آج ہلکی بارش کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جب کہ جنوب مغرب سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے علاقوں چترال، دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ، ہری پور، کوہستان، تورغر اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے جب کہ گزشتہ روز کاکول میں 14 ملی میٹر اور بالاکوٹ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، مالم جبہ میں سب سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری، کالام میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب ہے، بارکھان، سبی، موسیٰ خیل، ژوب، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، آواران اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات