اردن میں الاخوان کے غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورک نے 3 کروڑ دینار جمع کیے ،تحقیقات میں انکشاف

کالعدم جماعت الاخوان المسلمین نے غزہ کے واقعات کو چندہ جمع کرنے کے لیے قانون کے خلاف طریقے سے استعمال کیا،رپورٹ

بدھ 16 جولائی 2025 11:00

عمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)اردنی حکام نے ایک تفصیلی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ کالعدم جماعت الاخوان المسلمین نے گزشتہ آٹھ برسوں میں اردن اور بیرونِ ملک غیر قانونی مالی سرگرمیوں کا جال پھیلایا، جن میں چند نام نہاد رفاہی ادارے، جعلی سرمایہ کاری، اور ماہانہ چندے شامل تھے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ جماعت نے مختلف ناموں سے کروڑوں دینار جمع کیے، جن کا کچھ حصہ اردن سے باہر جائیدادیں خریدنے اور غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں میں جماعت نے 3 کروڑ دینار سے زائد رقم جمع کی، جس کا کچھ حصہ 2024 میں اندرون ملک سیاسی سرگرمیوں اور ممنوعہ خفیہ گروپوں کی مالی اعانت کے لیے استعمال ہوا۔ اپریل میں حکومت کے اعلان سے قبل، سیکیورٹی اداروں نے 40 لاکھ دینار ضبط کیے، جو جماعت کے ایک رہنما کے ڈرائیور کی مدد سے دار الحکومت عمان کے شمالی علاقے میں چھپائے گئے تھے۔

(جاری ہے)

تحقیقات کے نتیجے میں 11 افراد گرفتار ہوئے۔جماعت نے غزہ کی صورت حال کو بھی مالی فائدے کے لیے استعمال کیا اور خلافِ قانون چندے جمع کیے، جن کا حجم، ذرائع اور خرچ کی تفصیلات ظاہر نہ کی گئیں۔ کچھ چندے جماعت کی شاخوں کے ذریعے خفیہ طور پر اکٹھے کیے گئے، جب کہ معمولی حصہ ... محض 4.13 لاکھ دینار، اردنی ہاشمی فلاحی ادارے کو ارسال کیا گیا، جو مجموعی رقم کا صرف ایک فی صد ہے۔

تحقیقات کے مطابق جماعت نے چندے خفیہ طور پر جمع کر کے غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک منتقل کیے۔ دینار کو ڈالر میں تبدیل کر کے مقامی صرافہ مراکز کے ذریعے بیرونِ ملک صرافہ مراکز کو بھیجا گیا۔ بعض رقوم عمان سے فضائی راستے بھیجی گئیں یا ایک جماعتی رکن کے ذریعے اسمگل کی گئیں۔ عطیات خفیہ طور پر عمان کے ایک گنجان آباد علاقے سے اکٹھے کیے گئے تاکہ سماجی دبا اور نگرانی سے بچا جا سکے۔تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا کہ جماعت کو مستقل آمدن رکنیت فیس اور علاقائی جائیدادوں سے حاصل ہوتی رہی، جو سالانہ 19 لاکھ دینار کے قریب ہے۔ یہ رقوم سیاسی مقاصد، مظاہروں، انتخابی مداخلت، میڈیا مہموں، اور جماعت سے وابستہ سیاسی شخصیات کی تنخواہوں اور تشہیر پر خرچ کی جاتی رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :