بھارت کوچوتھا ٹیسٹ ہراکرسیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے ،جوروٹ

مکمل طور پر فٹ ہیں اور مہمان ٹیم کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں شرکت کے منتظر ہیں

بدھ 16 جولائی 2025 14:47

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)انگلینڈ کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے کہا ہے کہ مہمان بھارتی ٹیم کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد ان کی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ 34 سالہ بیٹر نے کہا کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے چوتھے میچ کے لئے ان کی ٹیم سخت تیاریوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں ہے تاہم ان کی ٹیم نے سیریز کے آئندہ میچ سے قبل بھرپور تیاری شروع کر دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی ٹیم کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 22 رنز سے شکست دی تھی۔دائیں ہاتھ کے بلے باز جو روٹ نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور مہمان ٹیم کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں شرکت کے منتظر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کو آئندہ میچ میں شکست دے کر سیریز میں اپنی برتری کو فیصلہ کن بنائیں گے۔انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو آئندہ میچ میں تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ 23 سے 27 جولائی تک ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔