ڈیوڈ لائیڈ نے جسپریت بمراہ کو بھارت کیلئے ’بدقسمت‘ قرار دے دیا

بمراہ جب بھارتی ٹیم کا حصہ ہوتے ہیں تو ٹیم زیادہ میچز ہارتی ہے : سابق انگلش کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 جولائی 2025 16:10

ڈیوڈ لائیڈ نے جسپریت بمراہ کو بھارت کیلئے ’بدقسمت‘ قرار دے دیا
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جولائی 2025ء ) بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمرا کے بارے میں سابق انگلش کرکٹر ڈیوڈ لائیڈ نے حیران کن بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بمرا جب بھارتی ٹیم کا حصہ ہوتے ہیں تو ٹیم زیادہ میچز ہارتی ہے، حالانکہ وہ دنیا کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں۔ 
یہ بیان انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں بمرا نے لارڈز کے تاریخی میدان پر اپنی شاندار بولنگ کے دوران سیریز کی دوسری پانچ وکٹیں حاصل کیں، لیکن اس کے باوجود بھارت کو آخری دن کے آخری لمحات میں 22 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس شکست کے بعد شبمن گل کی قیادت میں بھارتی ٹیم سیریز میں 1-2 سے پیچھے ہے۔ 
بمرا نے لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھی حصہ لیا تھا جہاں بھارت پانچ وکٹوں سے ہارا تھا، جب کہ انہوں نے ایجبسٹن میں دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیلا تھا، جس میں بھارت نے 336 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کی تھی۔

(جاری ہے)

 

اس صورتحال کے بعد ڈیوڈ لائیڈ نے کہا کہ اگرچہ بمرا دنیا کے بہترین بولرز میں شامل ہیں اور ان کا ایکشن بلے بازوں کے لیے پریشان کن ہے، لیکن جب وہ کھیلتے ہیں تو بھارت کی شکستیں زیادہ ہوتی ہیں۔

 
ڈیوڈ لائیڈ نے کرکٹ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ حیران کن ہے کہ جب وہ کھیلتا ہے، بھارت زیادہ ہارتا ہے، حالانکہ وہ دنیا کا بہترین بولر ہے۔ اس کا ایکشن عجیب اور مشکل ہے، لیکن وہ بہت ہی عمدہ انسان ہے۔‘‘ 
ڈیوڈ لائیڈ نے مزید کہا کہ بمرا کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے چوتھے ٹیسٹ کے لیے اپنی دستیابی کا فیصلہ کرنا ہوگا، اور اگر بھارت یہ میچ جیت کر سیریز 2-2 کر لیتا ہے تو بمرا آخری ٹیسٹ اوول میں بھی کھیل سکتے ہیں، تاہم اگر انگلینڈ 1-3 کی برتری لے لیتا ہے تو بمرا آخری میچ کھیلنے نہیں آئیں گے۔

 
ڈیوڈ لائیڈ نے مزید کہا کہ بھارت کے کوچ گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ بمرا سیریز کے پانچ میں سے تین ٹیسٹ کھیلیں گے، اور اب تک دو میچ کھیل چکے ہیں، اگر ان کے وعدے پر قائم رہے تو بمرا کو اگلا میچ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلنا چاہیے۔ 
واضح رہے کہ جسپریت بمرا نے اینڈرسن-ٹنڈولکر ٹرافی میں اب تک دو میچز میں 12 وکٹیں حاصل کی ہیں، اور ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں سیریز کے ٹاپ وکٹ ٹیکرز میں شامل کر دیا ہے۔

 
بمرا نے لیڈز میں پہلے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ لارڈز کے تیسرے ٹیسٹ میں بھی پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے تاہم ان کی چوتھے ٹیسٹ میں شرکت اب بھی غیر یقینی ہے کیونکہ کپتان شبمن گل نے کہا ہے کہ بمرا کی شمولیت کا حتمی فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔ 
ٹیم مینجمنٹ خاص طور پر آسٹریلیا کے 2024-25 کے دورے میں ان کی کمر کی انجری کے بعد بمرا کی فٹنس اور ورک لوڈ پر احتیاط سے نظر رکھ رہی ہے۔ 
بھارتی شائقین کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ کیا بمرا چوتھے ٹیسٹ میں شرکت کریں گے اور بھارت کو سیریز میں واپس لا سکیں گے، یا ان کی موجودگی ایک بار پھر بھارت کےلیے ’’بدقسمت‘‘ ثابت ہوگی۔