ویرات کوہلی سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی درخواست، بھارت کو ٹیم میں خلا محسوس ہونے لگا

جمعرات 17 جولائی 2025 20:36

ویرات کوہلی سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی درخواست، بھارت کو ٹیم میں خلا ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)لندن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت کو پانچ میچز کی ٹیسٹ سیریز میں 1-2 کے خسارے کا سامنا ہے، اور اسی دوران سابق بھارتی آل راؤنڈر اور ورلڈ کپ فاتح مدن لال نے ویرات کوہلی سے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی اپیل کر دی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مدن لال نے کہاکہ ویرات کوہلی کو اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینی چاہیے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا تجربہ منتقل کرنا چاہیے۔

سابق بھارتی آل راؤنڈر نے کہا کہ ’’ویرات کوہلی کا جذبہ بھارتی کرکٹ کے لیے بے مثال تھا۔ میری خواہش ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ میں آئیں۔ اس میں کوئی شرمندگی کی بات نہیں، اگر اس سیریز میں نہیں تو اگلی میں واپس آ جائیں۔

(جاری ہے)

‘‘مدن لال نے کہاکہ ’’میرے خیال میں ویرات ابھی 1-2 سال مزید آسانی سے کھیل سکتے ہیں۔ آپ نے اچانک چھوڑ دیا، یہ زیادہ دیر نہیں ہوئی، پلیز واپس آئیں۔

‘‘واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے انگلینڈ کے دورے سے صرف ایک ماہ قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس سے ان کے شاندار کیریئر کا اختتام ہوا۔ ویرات نے 31 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کے ساتھ 46.85 کی اوسط سے 9,230 رنز بنائے اور بھارت کے چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے ٹیسٹ بلے باز بنے۔ویرات کوہلی کے جانے سے بھارت کی بیٹنگ لائن میں نمبر 4 پر خلا پیدا ہوگیا، جسے پٴْر کرنے کے لیے نوجوان کپتان شبمن گل نے اپنی کارکردگی سے متاثر کیا۔

شبمن گل نے لیڈز ٹیسٹ میں 147 رنز بنائے، جبکہ ایجبیسٹن میں دوسرے ٹیسٹ میں 269 اور 161 کی شاندار اننگز کھیلیں۔ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی، لیکن اس کے باوجود وہ اب تک سیریز میں 607 رنز کے ساتھ 101.17 کی اوسط سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔