بھرپور دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لئے محنت اور عزم کے ساتھ میڈلز جیتنے کے لیے کوشاں ہوں ،نیشنل کراٹے چیمپئن شعیب اختر

بدھ 16 جولائی 2025 15:23

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) نیشنل کراٹے چیمپئن شعیب اختر نے کہا ہے کہ وہ بھرپور محنت اور عزم کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے میڈلز جیتنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کیا جا سکے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کراٹے پلیئر شعیب اختر نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار 2023 میں کوئٹہ میں منعقدہ نیشنل گیمز میں قومی سطح پر شرکت کی جہاں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔

انہوں نے کہا کہ 2024 کے نیشنل گیمز میں انہیں چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا جس پر افسوس ضرور ہوا تاہم اس تجربے کو انہوں نے اپنی کمزوری کے بجائے محرک بنایا اور ایک سال تک سخت محنت کی۔ شعیب اختر نے کہا کہ اس مسلسل محنت کا صلہ انہیں رواں سال ایبٹ آباد میں ہونے والے نیشنل گیمز میں دوبارہ گولڈ میڈل جیت کر ملا جو ان کے لیے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 2023 میں انہوں نے نیپال میں ہونے والے بین الاقوامی کراٹے ایونٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے دو برانز میڈلز حاصل کیے۔ ان کامیابیوں کو وہ اپنے کیریئر کے اہم سنگ میل قرار دیتے ہیں۔ شعیب اختر نے اپنے کوچ تنویر احمد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی زیر نگرانی مسلسل ٹریننگ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں عالمی سطح کے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان کے لیے میڈلز جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔